دہری شہریت کا معاملہ عدالت لے جاﺅں گا ،شاہد خاقان عباسی

114

اسلام آباد (آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دہری شہریت کے معاملے پر وزیر اعظم کے بیان کا انتظار کررہا ہوں اگر انہوں نے غیر ملکی کو کابینہ میں بٹھانے کی حمایت کی تو عدالت جاﺅں گا۔پاکستانی شہری ہی پارلیمان کا ممبر بن سکتا ہے ،اس وقت کابینہ پاکستان کی ہے اور لوگ غیر ملکی ہیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نیب کو ختم ہی کر دیں تو بہتر ہے ۔نا اہل حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں بے روز گاری عام اور معیشت تباہ ہو چکی ہے ،حکومت کے پاس اگراکثریت ہے تو مدت پوری کرلے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا ۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کیس میں سپریم کورٹ کے
تفصیلی فیصلے کے بعد نیب کی عوام کے سامنے حقیقت عیاں ہوگئی ہے، تفصیلی فیصلے کے بعد نیب کے وجود کی کوئی گنجائش نہیں ،بہتر ہے اس ادارے کو ختم کر دیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کے چیئرمین جاوید اقبال سپریم کورٹ کے جج رہے ہیں،ادارے مورال اتھارٹی سے چلتے ہیں جب اخلاقی قدریں پامال کردیں تو وہ ادارہ نہیں رہتا ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور سیاسی جماعتوں میں بات چیت ہوتی رہتی ہے ماضی میں بھی ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑے ہیں ہم سب ایک ہی صفحہ پر ہیں اس پر کوئی خطرہ نہیں۔