شاہد خاقان عباسی کا غیر ملکی کابینہ کیخلاف عدالت جانے کااعلان

275

اسلام آباد(آن لائن)مسلم لیگ(ن)کے سینئر رہنما وسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دہری شہریت کے معاملے پر وزیر اعظم کے بیان کا انتظار کررہا ہوں، اگر انہوں نے غیر ملکی کو کابینہ میں بٹھانے کی حمایت کی تو عدالت جائوں گا،پاکستانی شہری ہی پارلیمان کا رکن بن سکتا ہے ،اس وقت کابینہ پاکستان کی ہے اور لوگ غیر ملکی ہیں۔بدھ کو نجی ٹی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نا اہل حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں بے روز گاری عام اور معیشت تباہ ہو چکی ہے ،حکومت کے پاس اگراکثریت ہے تو مدت پوری کرلے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کیس میں عدالت عظمیٰ کے تفصیلی فیصلے کے بعد نیب کی عوام کے سامنے حقیقت عیاں ہوگئی ہے، تفصیلی فیصلے کے بعد نیب کے وجود کی کوئی گنجائش نہیں ،بہتر ہے اس ادارے کو ختم کر دیں، ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان کا رکن صرف پاکستان کاشہری ہی بن سکتا ہے ، کابینہ پاکستان کی ہے ،شہری کسی اور ملک کے ہیں، کابینہ کے ٹیبل پر بیٹھنا ہے تو دہری شہریت ترک کرنا ہوگی ، وزیر اعظم کہہ دیں کہ دہری شہریت والا کابینہ ٹیبل پر بیٹھ سکتا ہے تو میں عدالت جائوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پاس کوئی دہری شہریت نہیں وہ علاج کی غرض سے حکومت اور عدالت کی اجازت سے باہر گئے ہیں ،شہباز شریف اپوزیشن لیڈر ہیں ،وہ علاج کے لیے کہیں بھی جا سکتے ہیں ۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف جیلوں سے گھبرانے والا نہیں جس نے نواز شریف کا مقابلہ کرنا ہے تو ان کی پارٹی یہاں موجود ہے نااہل حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک میں بے روز گاری عام اور معیشت تباہ ہو چکی ہے ،وزیر اعظم اپنی حکومت کا کوئی مثبت کام بتا دیں،حکومت کے پاس اکثریت نہیں ہے اگر ہے تو حکومت مدت پوری کرلے۔