احتساب عدالت سے بریت کیخلاف نیب اپیل پر راجا پرویز اشرف کو نوٹس

153

اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کی احتساب عدالت سے بریت کیخلاف نیب اپیل پر نوٹسسز جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی ۔ نیب اپیل پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2رکنی ڈویژن بینچ نے کی۔ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر بیرسٹر رضوان عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ احتساب عدالت نے راجا پرویز اشرف کو نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت بری کیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پرویز اشرف کو ترمیمی آرڈیننس غیر موثر ہونے کے بعد بری کیا گیا ؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جی احتساب عدالت کا فیصلہ آنے سے پہلے ہی ترمیمی آرڈیننس غیر موثر ہو چکا تھا،احتساب عدالت نے پیراں غائب اور ساہیوال ریفرنس میں پرویزاشرف کو بری کیا۔ احتساب عدالت نے کہا مالی فوائد کے شواہد نہیں لہٰذا ترمیمی آرڈیننس کے تحت بری کیا جاتا ہے ،عدالت نے آئین کے آرٹیکل 264 کی غلط تشریح کرتے ہوئے بریت کا فیصلہ کیا۔ ساہوال اور پیرا غائب ریفرنس میں پرویز اشرف کی بریت کیخلاف نیب اپیل پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے پرویز اشرف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔