اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، عراقی وزیراعظم

551

عراق کے وزیر اعظم نے دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے وہ اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

عراقی وزیراعظم کا یہ اہم بیان دورہ تہران کے موقع پر صدر حسن روحانی اور اعلیٰ شخصیات سے ملاقات کے بعد نیوز بریفنگ میں سامنے آیا ہے۔

وزیراعظم مصطفیٰ الخادمی نے کہا کہ عراقی سرزمین سے وہ ایران کے لیے خطرات پیدا نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کے لیے اپنے علاقوں کو استعمال ہونے دیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عراق خود کو ایران اور امریکا کے درمیان میدان کا جنگ نہیں بننے دے گا۔

عراقی وزیراعظم کو ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات کو متوازی بنانے میں سخت مشکلات اور دشواریوں کا سامنا ہے جس نے گزشتہ کئی سالوں سے خطے میں تنازعات کو جنم دیا ہے خصوصاً عراقی سرزمین پر۔

عراق میں ایرانی حلیف گروہوں کی جانب سے وزیراعظم الخادمی پر امریکی طرف داری کرنے پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے کیونکہ انہوں نے کئی بار اس طرف اشارہ کیا ہے کہ وہ ایرانی نواز ملیشیا اور سیاسی جماعتوں کی طاقت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔