دادو (نمائدہ جسارت) میونسپل کمیٹی دادو کے ملازمین کا تنخواہیں نہ ملنے کیخلاف احتجاجی دھرنا، مظاہرین کی جانب سے تنخواہیں بحال کرنے کا مطالبہ، بچے بھوکے بیٹھے ہیں، قرض دار روز گھروں میں داخل ہوکر دھمکیاں دیتے ہیں، خودکشی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، انصاف کیا جائے، مظاہرین کی دہائیاں۔ دادو میں میونسپل کمیٹی کے کچے ملازمین کا تنخواہوں کی بحالی کے لیے چیئرمین آفس کے سامنے دھرنا دیا گیا اور کام چھوڑ کر ہاتھوں میں صفائی ستھرائی کا سامان اٹھا کر احتجاج کرتے ہوئے ملازمیں منٹھار علی، ربنواز، فیاض شیخ، صابر، جانی شیخ اور دیگر نے کہا کہ ہماری 3 ماہ کی بلاجواز تنخواہیں بند کی گئی ہیں، تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ہمارے گھروں میں بھوک، بدحالی کی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے عید کی خوشیوں سے محروم ہوگئے ہیں، قرض دار بھی ہمیں قرضہ وصول کرنے کے لیے تنگ کررہے ہیں۔ میونسپل چیئرمین صرف آسرے دے رہے ہیں اگر تنخواہیں نہ ملیں تو میونسپل چیئرمین آفس کے سامنے خودکشی کریں گے جس کی ذمے دار میونسپل انتظامیہ ہوگی۔ انہوں نے حکام بالا سے تنخواہیں فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔