لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے علی آباد میں واقع گورنمنٹ بیگم نصرت بھٹو گرلز کالج کے باہر اور مین روڈ پر گندا پانی جمع ہونے کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جن کی جانب سے گندے پانی سے گزر کر اپنی منزل پر جانے پر مجبور ہیں۔ اس حوالے سے کالج کی پرنسپل میڈم ثمینہ ابڑو نے بتایا کہ کالج کے باہر اور مین روڈ پر گزشتہ کئی ماہ سے گندا پانی تالاب کی صورت میں جمع ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، معاملے کے متعلق میئر میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ خیر محمد شیخ کو تحریری طور پر آگاہ کرتے ہوئے اقدامات اٹھانے کی درخواست کی، تاہم میئر بھی کوئی تعاون نہیں کررہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث سندھ کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ کے بھی تعلیمی ادارے بند ہیں اگر اس دوران اچانک تعلیمی ادارے کھل گئے تو کالج آنے والی طالبات اور خواتین اساتذہ کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کمشنر و ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر فوری طور پر گندے پانی کی نکاسی کے انتظامات کیے جائیں۔