اسلام آباد (صباح نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایل این جی کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور (ن) لیگ سندھ کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے منجمد کر کے ان کے ٹرانسفر پر پابندی عاید کر دی ہے۔ جبکہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کی گاڑی ٹرانسفر کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ نیب ایل این جی کیس کی تحقیقات کر رہا ہے اور نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں کیس کا ریفرنس بھی دائر کیا گیا ہے۔ نیب حکام نے احتساب عدالت کو بتایا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی منظور ی کے بعد مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کے اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں‘ شاہد خاقان عباسی کے منقولہ وغیر منقولہ اثاثے منجمد ہونے کے بعد پراپرٹیز اور گاڑیوں کے ٹرانسفر پر پابندی عاید کر دی گئی ہے‘سابق وزیراعظم کی فروخت شدہ گاڑی کی ٹرانسفربھی روک دی گئی۔ منگل کے روز ایک خریدار نے عدالت سے رجوع کیا اور موقف اختیار کیا کہ اس نے شاہد خاقان عباسی سے گاڑی خریدی لیکن جب اس نے گاڑی کی رجسٹریشن کے لیے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس سے رجوع کیا تو پتہ چلا کہ شاہد خاقان عباسی کے تمام اثاثے منجمد کیے جاچکے ہیں۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ گاڑی کے ٹرانسفر کی اجازت دی جائے ۔ درخواست پر احتساب عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔