کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے علاقے جعفرآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ماہ قبل ٹیکسی ڈرائیور کو قتل اور گاڑی چھیننے والے گروہ کے ایک ملزم کو گرفتار کرکے گاڑی برآمد کرلی گئی ہے ۔ ایس ایس پی جعفرآباد نے اپنے آفس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 22 جون 2020ء کو نوجوان ٹیکسی ڈرائیور عبدالعزیز کو ملزم حبیب اللہ جیکب آباد کے لیے کرایہ کے بہانے لے گیا، جہاں سے بے دردی سے قتل کرکے لاش تالاب میں پھینک دی اور فرار ہوگیا۔ واقعہ سے متعلق ایس ایس پی کی ہدایات پر انچارج 15 مددگار و ایس ایچ او ڈیرہ اللہ یار نے پولیس ٹیم کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سندھ کے چھوٹے بڑے تقریباً 17 شہروں میں چھاپے مارے، سندھ پولیس کی ذاتی دلچسپی و ٹیکنیکل سپورٹ کی مدد سے جعفرآباد پولیس نے بالآخر ملزمان میں سے ایک ملزم بشیر احمد ولد خمیسہ خان کٹوہر کو سندھ سے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے چھینی ہوئی مہران کار نمبر BDX 457 کراچی سندھ سے برآمد کرلی۔ ملزم سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے، دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے، جنہیں بھی عنقریب گرفتار کیا جائے گا۔