جنرل قاسم سلیمانی کے مخبر کو پھانسی دیدی گئی

1102

امریکی انٹیلی جنس ایجنسی کوجنرل قاسم سلیمانی کی معلومات دینےوالےایرانی شہری کوپھانسی دیدی گئی۔

ترجمان ایرانی عدلیہ کے مطابق امریکا اور اسرائیل کیلیےجاسوسی کے ملزم ایرانی شہری کوآج صبح پھانسی دی گئی، محمودموسوی ماجد پاسداران انقلاب کی القدس فورس کےاندرامریکاکیلیےجاسوسی کررہاتھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ محمودموسوی نےجنرل قاسم سلیمانی کی سرگرمیوں اور ان کےٹھکانوں سےدشمنوں کومطلع کیاتھا۔

ایرانی عدلیہ نے10 جون کو پاسداران انقلاب کے مقتول کمانڈر قاسم سلیمانی کے بارے میں امریکی اور اسرائیلی خفیہ اداروں کو معلومات فراہم کرنے والے ایرانی شہری کو پھانسی دینے کا اعلان کیا تھا۔

عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی کا کہنا تھا کہ امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے ) اور موساد کے لیے کام کرنے والے جاسوسوں میں سے ایک محمود موسوی مجید کو جلد سزائے موت دی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ موسوی نے ہمارے دشمن کو قاسم سلیمانی کے ٹھکانوں کے بارے میں بتایا۔ تاہم حکام کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا محمود موسوی کا کیس گزشتہ موسم گرما میں کیے گئے اس ایرانی اعلان کا حصہ ہیں، جس میں کہا گیا تھا کہ اس نے سی آئی اے کے لیے کام کرنے والے 17 جاسوسوں کو گرفتار کیا ہے اور ان میں سے کچھ کو موت کی سزا دی گئی۔

 یاد رہے کہ 3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد میں ائرپورٹ کے نزدیک امریکی فضائی حملے میں پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی ہلاک ہوگئے تھے۔