دادو: بارش سے ندی نالوں میں طغیانی ، متعدد دیہات زیر آب

278

 

دادو (نمائندہ جسارت) دادو میں کیرتھر کے پہاڑی سلسلے میں بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی، متعدد دیہات زیر آب آگئے۔ کیرتھر کے پہاڑی سلسلوں اور کاچھو میں گزشتہ روز تیز بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ محکمہ انہار کے ذرائع کے مطابق نئی گاج میں 10 فٹ طغیانی کی سطح ریکارڈ کی گئی جبکہ دیگر ندی نالوں میں بھی طغیانی آگئی۔ پہاڑی ندی نالوں کی طغیانی کا سیلابی پانی کاچھو میں داخل ہوگیا۔ سیلابی پانی آنے سے متعدد دیہات زیر آب آگئے۔ سیلاب سے متاثرہ دیہات کی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہوگئی، لوگ اپنی گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ دوسری جانب کاچھو میں سیلابی پانی آنے سے لوگوں کے چہرے کھل اٹھے۔ واضح رہے کہ بارشوں کے بعد پہاڑوں سے آنے والے پانی سے کاچھو کی ہزاروں ایکڑ بنجر زمین آباد ہوجاتی ہے۔ دادو کے قریب سیدانکو پوٹھو میں گیارہ ہزار وولٹیج بجلی کی تاریں زمین پر گرنے سے تین بکریاں جل گئیں جبکہ دو بچے زخمی ہوگئے۔ دادو کے قریب گاؤں سیدانکو پوٹھو میں گیارہ ہزار وولٹیج کی تاریں گر گئیں تاریں گرنے سے شوکت پہنور کی تین بکریاں جل گئیں جبکہ دو بچے زخمی ہوگئے جو معجزانہ طور بچ گئے گاؤں کے رہائشی عبدالجبار، ذوالفقار، شوکت پنہور اور دیگر نے بتایا کہ سیپکو انتظامیہ کو بار بار شکایت کی لیکن کسی نہیں سنی جبکہ بارشوں کے بعد گیارہ ہزار وولٹیج کی تاریں اور پول کی کمزور ہوگئی تھی اس کی شکایت سیپکو انتظامیہ کو دی لیکن شکایت پر عمل نہیں کیا گیا نتیجے میں ہمارا نقصان ہوا۔ مکینوں نے سیپکو چیف سکھر سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔