اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو غیرملکی شہریت رکھنے والے مشیروں، وز یروںکی برطرفی کا چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب غیرملکی شہریت رکھنے والے اپنے مشیروں، وزیروں سے استعفیٰ لیں۔عمران صاحب آپ نے کہاتھا کہ آپ کی دوہری شہریت ہو اور آپ یہاں وزیر بھی ہوں ، یہ نہیں ہوسکتا۔ اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ نے کہاتھا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ کی دوہری
شہریت بھی ہو اور آپ ملک کے مستقبل کے فیصلے بھی کریں ۔عمران صاحب آپ نے کہاتھا کہ اگر آپ کے پاس دوسری ملک کا پاسپورٹ ہو تو اسے پارلیمان میں نہیں بیٹھنا چاہئے۔ عمران صاحب اب دوہری شہریت رکھنے والوں کو بائیس کروڑ عوام کی قسمت کے فیصلے کیوں کرنے دے رہے ہیں ؟عمران صاحب آج غیرملکی پاسپورٹ والوں کو کابینہ میں کیوں بٹھارکھا ہے؟عمران صاحب جن کا پاکستان میں کچھ نہیں، انہیں آج اپنی کابینہ میں بٹھا کر کیوں فیصلے کرا رہے ہیں ؟ ۔انہوں نے کہا کہ ملک پر غیرملکی ٹولہ مسلط ہونے کی وجہ سے عوام بے روزگاری، معاشی تباہی اور بھوک میں مبتلا ہیں،23 سب فارن فنڈنگ اکاونٹس کی پیداوار مشیروں اور وزیروں کا ٹولہ ہے جو تحفے میں عمران صاحب کو ملاہے۔