لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے یوم الحاق پاکستان پر کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی اور بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔ کشمیریوں اور پاکستان کی منزل ایک ہے، اسی لیے قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا۔ اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر اسی طرح کشمیریوں کا ہے جس طرح فلسطین فلسطینیوں کا اور انگلستان انگریزوں کا ہے
بھارت کے جبرواستبداد اور ظلم کے ہتھکنڈے کشمیریوں کو ان کے بنیادی نصب العین سے دستبردار نہیں کرسکتے ۔ کشمیری شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، نسل در نسل کشمیریوں نے الحاق پاکستان کا پہرہ دیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنے لہوکے نذرانے دے کر قرارداد الحاق پاکستان کی حفاظت کررہے ہیں ۔ کشمیری قوم کے حوصلے، عزم واستقلال اور جرات وبہادری تاریخ کا بے مثل باب بن چکی ہے ۔ پاکستان کشمیریوں کی آزادی تک ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بہ شانہ رہے گا۔