اسلام آباد (خبر ایجنسیاں ) احسان اللہ احسان کا بلاول کو دھمکی دینا ہم سب کیلیے دھمکی ہے۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری کو احسان اللہ احسان کی جانب سے دھمکی دیے جانے کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور وزیرِ مملکت علی محمد خان کا ردِعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے اور اسے بہت سنجیدہ لیا جائے گا۔انہوں
نے کہا کہ بلاول کو دھمکی پاکستان اور ہمیں دھمکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن بلاول پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت کے نوجوان لیڈر ہیں اور انکو دھمکی ملنے کو بہت سنجیدہ لیا جارہا ہے۔ انکی حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔خیال رہے کہ گزشتہ روزسرکاری تحویل سے فرار ہونے والے کالعدم ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے چیئرمین بلاول زرداری کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ان دھمکیوں کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی ردِعمل سامنے آیا تھا اور پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ وہ احسان اللہ احسان کی جانب سے بلاول کو دی گئی دھمکیوں کی مذمت کرتی ہیں۔ گزشتہ روز بلاول نے حکومت کی ناکامیوں کے خلاف پریس کانفرنس کی اور آج انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرنز کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے احسان اللہ احسان کی طرف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری کو دھمکی آمیز ٹویٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم سوال کر رہی ہے کہ کس کے ایجنڈا کے تحت عالمی دہشتگرد کو رہا کیا گیا۔