کراچی(نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ آج تیسرا دن ہوگیا‘ پی ٹی آئی نے اپنی کرپشن کے حوالے سے میری پریس کانفرنس میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب نہیں دیا۔ بلاول زرداری نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ عمران خان اور ان کے وزیروں کے فرنٹ مین خیبرپختونخوا کے بی آر ٹی منصوبے میں ہونے والی کرپشن میں بھی ملوث ہیں‘ عمران خان اور ان کے فرنٹ مین کے الیکٹرک کی کرپشن کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں‘ میں نے اپنی پریس کانفرنس میں ابراج گروپ کے حوالے سے ایف آئی اے کی رپورٹ دکھائی مگر اس کا کوئی جواب نہ ملا‘ میں نے اپنی پریس کانفرنس میں عمران خان کی بہن کی کرپشن کا معاملہ اٹھایا مگر کوئی جواب نہیں ملا‘ پی ٹی آئی کی کرپشن کے حوالے سے میں نے سوال اٹھائے مگر نیب اور عدالتیں چپ ہیں‘ پی ٹی آئی بھی خاموش ہے۔ دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان بدھ کو ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں ملک کی تازہ ترین سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول زرداری اور مولانا فضل الرحمن نے بجٹ کے بعد ملک کی بدترین معاشی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ مولانا فضل الرحمن سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ انہوں نے حکومتی کرپشن پر سوال اٹھائے مگر عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے جس کے مزید برسراقتدار رہنے کوئی اخلاقی اور سیاسی جواز نہیں ہے۔