صفائی ستھرائی کا جائزہ لینے کےلیے نوابشاہ کے اسپتالوں پر اچانک چھاپے

150

نوابشاہ(بیورورپورٹ)صوبائی مشیربیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایات پر تحفظ ماحولیات شہید بینظیرآباد کے ضلعی انچارج گل امیر سمبل کی جانب سے نجی و سرکاری اسپتالوں پر اچانک چھاپے، اسپتالوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی سندھ کے صوبائی مشیربیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایات پر تحفظ ماحولیات ادارے شہید بینظیرآباد کے ضلع انچارج گل امیر سمبل نے
ضلعی شہید بینظیرآباد کی نجی و سرکاری اسپتالوں پر اچانک چھاپے مارکر صفائی کی صورتحال اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کے کام کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں گندگی، کچرے کو ٹھکانے لگانے کے قانون 2014 پر عملدرآمد کرانے کے لیے یہ کاروائیاں پورے صوبے میں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں 18 نجی و سرکاری اسپتالوں کا دورہ کرکے گند گی،کچرے کو ٹھکانے لگانے کے عمل کی جانچ کی گئی ہے۔ 2014 کے قانون پر عملدرآمد نہ کرنے والی اسپتالوں پر جانچ ٹیم کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا ہے۔ ضلعی انچارج نے اسپتالوں کے مالکان اور انتظامیہ کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کے قانون 2014 پر عملدرآمد نہ کرنے والی اسپتالوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔