احتساب عدالت حمزہ شہباز کےخلاف ریفرنس دائر نہ کرنے پر برہم

253

لاہور (آن لائن) لاہور کی احتساب عدالت نے آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کی جانب سے حمزہ شہباز کے خلاف ریفرنس دائر نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جلد ریفرنس دائر کرنے کی اپیل کی، بعد ازاں سماعت 28 جولائی تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز عدالت میں موجود تھے۔ دوران سماعت عدالت نے نیب کی جانب حمزہ شہباز شریف کے خلاف ریفرنس دائر نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا جس پر نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز شریف کے خلاف ریفرنس کی تیاری آخری مرحلے میں جسے عدالت میں جلد دائر کردیا جائے گا۔ حمزہ شہباز کی عدالت پیشی کے موقع پر لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی کے حسب معمول سخت انتظامات کر رکھے تھے۔ احتساب عدالت جانے والے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا تھالیکن سخت رکاوٹوں کے باوجود (ن) لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد احتساب عدالت کے باہر پہنچ گئی جہاں انہوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ حمزہ شہباز کی آمد پر کارکنوں نے حمزہ شہباز پر پھول نچھاور کیے جبکہ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری عدالت کے باہر تعینات تھی۔