لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر و اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ترکی کے یومِ جمہوریت پر ترک صدر اور عوام کو مبارکباد دے دی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کا دن ترک عوام کے جمہوریت سے پختہ وابستگی کے اظہار کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترک عوام نے ثابت کیا جمہوریت پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ترک قیادت اور عوام کی ترقی و خوشحالی اور کامیابیوں کے لیے دعا گو ہیں۔
15 جولائی 2016 کی شب ترکی فوج کے کچھ باغی دستوں کی سرپرستی میں فوج کے ایک چھوٹے دستے نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی حکومت کا تختہ پلٹ کر اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔
ابتدا میں ایوان صدر اور پارلیمان کا محاصرہ بھی کیا گیا، اتاترک ایئرپورٹ پر تمام پروازیں منسوخ کردی گئیں اور ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا تھا۔ ملک بھر کے ہوائے اڈے بند کرکے ان پر ٹینک پہنچا دیئے گئے تھے۔
اس وقت عوام سے ترک صدر نے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ لوگوں نے ٹینکوں پر چڑھ کر ان ٹینکوں کو ایئرپورٹ اور دیگر مقامات میں داخل ہونے سے روکا۔
اس کشیدہ صورت حال میں لوگ گھروں سے نکلے۔ عام لوگوں پر فائرنگ کے واقعات بھی سامنے آئے جن میں متعدد شہری اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے 16 جون کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بغاوت کو مکمل طور پر کچل دیا گیا ہے اور صورت حال پر اب جمہوری حکومت کو مکمل کنٹرول حاصل ہے۔ اس واقعے کے بعد 25 کرنل اور 5 جنرلز کو بھی عہدوں سے فارغ کر دیے گئے۔