چیئرمین این ڈی ایم اے کا کراچی اور کوئٹہ میں اسپتالوں کا دورہ‘ سہولیات کاجائزہ

146

کراچی / کو ئٹہ( خبر ایجنسیاں،نمائندہ جسارت) وزیراعظم کی ہدایت پر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کراچی کے مختلف اسپتالوں کا دورہ کیا اوروہاں این ڈی ایم اے کی جانب سے فراہم کردہ سامان کے متعلق معلومات حاصل کیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے کے دورے کے دوران ایک ٹیم بھی ان کے ساتھ تھی ، جس نے تمام ضروری اور اہم معلومات کا ڈیٹا جمع کیا اور باریک بینی سے صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے عباسی شہیداسپتال، قطراسپتال اورنگی ٹائون،سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد اور کورنگی کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہیں کورونا بچاؤ اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ قبل ازیں لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کوئٹہ میں بی ایم سی اسپتال کا دورہ کیا، اور وہاں سہولیات واقدامات پر بریفنگ لی۔، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد اس موقع پر کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کریں گے ، محدود وقت میں صوبائی حکومت کے کورونا مخالف اقدامات قابل تحسین ہیں ، انہوں نے کورونا سے نبرد آزما ڈاکٹرز، فارماسسٹس،نرسز اور پیرامیڈیکس کی کارکردگی کو سراہا۔