رمضان شوگر ملز کیس، فرد جرم عاید کرنے کیلیے شہباز شریف 6 اگست کو طلب

191

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف پر فرد جرم عاید کرنے کے لئے 6 اگست کو طلب کرنے کا تحریر ی حکم جاری کردیا۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے تحریری حکم نا مے میں شہباز شریف کو آئندہ سماعت پر ہر صورت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ شہباز شریف کے وکیل نے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی یقین دہانی کرائی اور شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس جمع کروائی گئیں جس کے مطابق شہباز شریف تاحال صحت یاب نہیں ہوئے اس لیے عدالت انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتی ہے ۔تاہم شہباز شریف آئندہ سماعت پر حاضری کو بہر صورت یقینی بنائیں ۔ عدالت نے کیس میں فرد جرم عاید کرنے کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو طلب کر رکھا ہے تاہم شہباز شریف کورونا کا شکار ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہو رہے تھے۔