فراہمی و نکاسی آب کی ذمے داری پبلک ہیلتھ کی ہے، میئر سکھر

100

سکھر(نمائندہ جسارت)میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ واٹر کمیشن کے احکامات پر فراہمی آب اور نکاسی کی ذمے داری محکمہ پبلک ہیلتھ کے حوالے کی جاچکی ہے ‘ مگر ہم محکمہ پبلک ہیلتھ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کررہے ہیں ،ایک مفاہمتی معاہدہ بھی تیار کیا گیا ہے جس میں حکومت سندھ سے سفارش کی گئی ہے کہ بلدیہ اعلیٰ سکھر اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مشترکہ طور پرکام کریں تاکہ درپیش مسائل کے حل میں آسانی ہو ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے پانی واپس آرہا ہے ‘ اسی وجہ سے پانی کے سڑکوں پر جمع ہونے کی شکایت ہے ‘ چند روز میں مسئلہ حل کرلیں گے ۔انہوںنے مزید کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ کیساتھ رابطے میں ہوں ،30 واٹر فلٹر پلانٹس جلد فعال ہوجائیںگے‘ 16 نئے پلانٹس بھی جلد شروع ہوجائیں گے جبکہ اگلے مرحلے میں 50 دیگر فلٹر پلانٹس بھی شروع کرنے کا ارادہ ہے ۔ واٹر کمیشن کے احکامات پر صفائی کا نظام نجی کمپنی کو آئوٹ سورس کیا گیا تھا اس کی بھی ذمے داری بلدیہ نے لے لی ہے جس سے کافی بچت ہوگی اور فنڈز ترقیاتی کاموں پر خرچ ہونگے۔