خاتون سے متعلق بد زبانی بلاول کی نیچ حرکت ہے‘ شبلی فراز

236

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول زرداری نے اپنے وڈیو بیان میں خاصی گری ہوئی زبان استعمال کی ہے، خاتون کے بارے میں اس قسم کی باتیں بہت نیچ حرکت ہے، خان صاحب کو کسی نے مسٹر 10 پرسنٹ کہا اور نہ ہی بہن سے متعلق کبھی کسی نے بات کی، ہم بلاول کے الزامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پیر کو اپنے وڈیو بیان میں وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی ہمشیرہ کے بارے میں باتیں ان کو زیب نہیں دیتیں کیونکہ وزیراعظم کی بہن کا
سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول اس قسم کی باتیں نہ کریں، وہ سو کر اٹھے تھے یا پھر وہ زمینی حقائق سے لاعلم ہیں، بلاول کے معاونین نے بھی انہیں نہیں سمجھایا، ایسی باتیں کرکے بلاول نے اپنا مذاق بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بڑی پارٹی کو لاڑکانہ تک محدود کر دیا گیا ہے۔سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ بلاول سیاسی طور پر مایوسی کا شکار ہیں، بلاول کے پاس سیاسی طور پر کوئی ایجنڈا نہیں اسی لیے وہ ایسی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر کرپشن کا الزام لگانے سے پہلے بلاول زرداری کو 10 بار سوچنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ بلاول اوٹ پٹانگ باتوں کے بجائے اپنے اور خاندان پر اٹھائے گئے سوالوں کا جواب دیں۔