اسلام آباد (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل نا ہونے کی وجہ سے خطہ کسی بڑی جنگ کی دلدل میں پھنس سکتا ہے،آزادی کی خاطر کشمیریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، ان کا خون رائگاں نہیں جائے گا، مقبوضہ کشمیر کے عوام بہت جلد آزاد فضا میں سانس لیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج 13جولائی یوم یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ گزشتہ 11 ماہ سے کشمیر میں بھارت کی فاشسٹ حکومت کی جانب سے جبری لاک ڈاؤن جاری
ہے، عالمی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم کا سختی سے نوٹس لے، مسئلہ کشمیر حل نا ہونے کی وجہ سے خطہ کسی بڑی جنگ کی دلدل میں پھنس سکتا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے پر دباؤ ڈالے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جد و جہد کی ہر فورم پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان کی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پر عزم ہے ۔