سید منور حسن ملکی اور قومی ایشوز پر سنجیدہ اور ہمیشہ فکر مند رہے،مولانا فضل الرحمن

407
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ادارہ نورحق میں سید منور حسن کے انتقال پر سید طلحہ حسن ‘ راشد نسیم حافظ نعیم الرحمن ودیگر سے تعزیت کے بعد دعائے مغفرت کررہے ہیں

کراچی(نمائندہ جسارت)جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں وفد نے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کے انتقال پر ادارہ نور حق میں ان کے صاحبزادے سید طلحہ حسن ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات واظہار تعزیت کیااور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔جمعیت علمائے اسلام (ف )کے وفد میں جنرل سیکریٹری صوبہ سندھ راشد محمود سومرو، مرکزی رہنما قاری محمد عثمان ، نائب امیر صوبہ سندھ مولانا عبدالکریم عابد،مرکزی رہنما اسلم غوری ، ناظم مالیات و صوبائی رہنمامولانا غیاث ، صوبائی رہنما شرف الدین اندھڑ ، امیر ضلع شرقی مولانا فتح اللہ و یگر شامل تھے ۔ اس موقع پر نائب امراء جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز ،ڈاکٹر واسع شاکر ، ڈپٹی سیکریٹری عبدالرزاق خان ، راشد قریشی ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔ مولانا فضل الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئیکہا کہ سید منور حسن سے ایک طویل رفاقت رہی ہے، انہیں ہمیشہملکی اور قومی ایشوز پر نہایت سنجیدہ پایا اور فکر مند دیکھا،مختلف اجتماعات اور مظاہروں میں ان کا خطاب سحر انگیز اور عوامی جذبات کی ترجمانی کرتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان کی حیثیت سے ان کی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیںگی ، سید منور حسن نے امانت اور دیانت کی عظیم مثال قائم کی ، پوری زندگی کلمہ حق بلند کیا ، وہ محب دین،محب وطن، امانت ودیانت سے کام کرنے اور غریب مظلوم کے دکھ درد کا احساس رکھنے والے تھے،انہوں نے قومی ایشوز پر ہمیشہ اسلام کی ترجمانی کا فریضہ بہادری سے انجام دیا۔