اسلام آبا(صباح نیوز) سی ڈی اے نے پشاور موڑ سے نئے ائر پورٹ تک میٹرو بس آپریشنل کرنے کا پی سی ون تیار کیا ہے۔ مجوزہ پی سی ون میں میٹرو بسوں کے فلیٹ کا حصول،آئی ٹی، سیکورٹی اور اے ایف سی سسٹم کا حصول،الائیڈ انفراسٹرکچر بشمول کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کی تعمیر شامل ہے۔پی سی ون
میں 30نئی ائر کنڈیشن بسوں کو مقررہ ٹائم شیڈول کے مطابق آپریشنل کرنا بھی شامل ہے۔چیئرمین سی ڈ ی اے کی زیر صدارت اجلاس جس میں آئی سی ٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ٹریفک کے دبا ؤکو کم کر کے شہریوں کو سہولت بہم پہنچانے کے لیے یہ وقت کی ایک اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے تحت اسلام آباد، راولپنڈی اور اب نئے بین الاقوامی ائرپورٹ تک اس منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا۔ یہ منصوبہ 25.60 کلومیٹر سگنل فری کوریڈور پر مشتمل ہے جو پشاور موڑ سے شروع ہو کر اسلام آباد کے نئے بین الاقوامی ائرپورٹ پر ختم ہوتا ہے اس کے درمیان میٹرو بس کے 8 اسٹیشن ہیں۔میٹرو بس کے اس تعمیراتی منصوبے کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی تعمیر کر رہی ہے۔