کراچی : جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات بلاول ہاؤس میں ہوئی،جس میں حکومت کے خلاف اتحاد کو قائم رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں رہنماؤں نے ڈیڑھ گھنٹے طویل ملاقات میں این ایف سی ایوارڈ پر غیر لچکدار موقف اپنانے پراتفاق کرتے ہوئےسیاسی امور پر بات چیت کی ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نےملکی سالمیت اور بقا کے خاطر سیاسی امور میں ساتھ چلنے پربھی متحد رہنے کا عزم کیا،بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے کامیاب آل پارٹیز کانفرنس پر فضل الرحمن کو مبارکباد بھی دی۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی معیشت کو دیوار سے لگادیا ہے،پاکستان کی تاریخ میں کبھی معیشت کی منفی شرح نمو نہیں ہوئی،اگر معیشت کو بچانا ہے تو متحدہوکر سلیکٹڈ حکومت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
آصف زرداری نے کہاکہ عوام دشمن بجٹ اور این ایف سی ایوارڈ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا،پہلے ہی کہا تھا عمران خان حکومت چلانے کے اہل نہیں ہے، کورونا معاملے پر عمران خان کی نااہلی سامنے آگئی۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ٹڈی دل حملوں سے حکومت کو خبردار کیا تھا، لیکن حکومت نے اپنی ضد اور انا کی وجہ سے ٹڈی دل پر خدشات کو سنجیدہ نہیں لیا،ٹڈی دل حملوں کی فوری روک تھام نہ کی گئی تو خوراک کا بحران پیدا ہو جائےگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کے دورمیں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے،دو سال سے وزیر اعظم نے عوامی مفاد میں کوئی کام نہیں کیا،اپوزیشن جماعتیں سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ایک پیچ پر ہیں ،پاکستان اور عمران خان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ،وزیر اعظم نیب کو استعمال کرکے اپوزیشن سے انتقام لے رہے ہیں۔