پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعرات کے روز پشاور میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لیے اپنی نوعیت کے پہلے اور منفرد اسپتال کا افتتاح کردیا۔ اسپتال میں وینٹی لیٹرز، مانیٹرز، آکسیجن ، اے بی جی مشینوں اور انفیوژن پمپس سمیت کورونا کے نازک مریضوں کے لیے علاج معالجے کے ہر قسم کی آلات اور سہولیات دستیاب ہے۔ یہ ایک ماڈل اسپتال ہے جو بین الاقوامی ایس او پیز اور گائیڈ لائنز کے مطابق قائم کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ اسپتال 58 بستروں پر مشتمل ہے، ایک مہینے بعد استعداد کو 110 بستروں تک بڑھا دیا جائیگا۔ اسپتال 37آئسولیشن ، 16 ہائی ڈیپنڈنسی اور 5 آئی سی یو بیڈزپر مشتمل ہیں۔ افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ محمود خان نے اس اسپتال کے قیام کو کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لیے اسپتالوں کی استعداد کاربڑھانے کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی ایک اہم کامیابی اور ایک بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اسپتال کے قیام سے نہ صرف صوبے کے تدریسی اسپتالوں پر کورونا مریضوں کا دبائو کم ہو جائیگا بلکہ کورونا کے نازک مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات بھی میسر ہوںگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت این ڈی ایم اے کے تعاون سے پشاور میں 210 بستروں پر مشتمل ایک اور اسپتال کے قیام پر کام کر رہی ہے اور عنقریب یہ اسپتال کورونا مریضوں کے لیے کھول دیا جائیگا۔