تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی ہم سے رابطے میں ہیں ‘شاہد خاقان

241

اسلام آباد(آن لائن)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شکایتیں دور کرنے کے لیے بلاول زرداری سے معافی مانگ لوں گا،پیپلزپارٹی کا اعتماد بحال کرکے اپوزیشن کی اے پی سی میں ملک بچانے کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائے گا،مسلم لیگ(ن) کو حکومت ملی تو کوئی معجزہ نہیں ہوگا ،ملک کو ٹھیک کرنے میں 5برس لگیں گے،تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی ہم سے رابطے میں ہیں لیکن ہم ہارس ٹریڈنگ نہیں کریں گے، حکومتی مدت پوری ہونے کا حامی ہوں۔جمعرات کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) غائب نہیں ہوئی اسمبلی میں موجود ہے،ہماری جماعت حکومت کی ہر غلطی کی نشاندہی کرتی ہے،لوگ ہم سے امید لگا کر بیٹھے ہیں،اس وقت برطانیہ میں سرجریاں نہیں ہورہیں، مسلم لیگ(ن) کے قائد نوازشریف کے 3 آپریشن ہونا ہیں،نوازشریف علاج کے بعد ملک واپس آجائیں گے،اگر نوازشریف کے بغیر ملک نہیں چل رہا تو بتادیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کا کلچر تحریک انصاف کی طرح نہیں ہے،ہم دوسروں کی ہتک نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ ہم بھی آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد چاہتے ہیں،اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں ملک بچانے کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا،اگر بلاول زرداری کو مسلم لیگ(ن) سے کوئی گلہ ہے تو میں معافی مانگ لیتا ہوں،ہم پیپلزپارٹی کے اعتماد کو بحال کرلیںگے،مسلم لیگ(ن) میں مشاورت سے فیصلے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین ہم سے رابطے میں ہیں،حکومت کے اپنے ارکان حکومتی ناکامی کا اعتراف کرتے ہیں،ہم حکومت کے خلاف ہارس ٹریڈنگ میں ملوث نہیں ہونا چاہتے،حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت نے چینی کی قیمتوں میں40فیصد اضافہ کردیا جبکہ آٹا بحران میں بھی حکومت کے اپنے لوگ ہی ملوث ہیں،حکومت کو بڑے بھائی کا کردار ادا کرتے ہوئے سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے ۔