کراچی : جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ پانچ سال پورے کرنے کی بات کرنا قوم کو بد دعا دینے کے برابر ہے، حکومت اور ریاستی ادارے ایک پیچ پر نظر نہیں آرہے ۔
جے یو آئی (ف )کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس کے بعد میڈیا سے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک کی برآمدات ختم ہوچکی ہیں ، حکومت بتائے کہ ملک کو مزید اور کتنا تباہ کرنا ہے؟2018کے الیکشن کو تمام سیاسی جماعتوں نے مسترد کردیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ ایک انڈے کو نکالنے سے کچھ نہیں ہوگا، پورا ٹوکرا خراب ہے، ہم مائنس آل کی بات کریں گے، کے الیکٹرک اور واپڈا کے ایک ہی حالات ہیں،2018کا الیکشن فراڈ تھا ، موجودہ حکمران جعلی ہیں۔
سربراہ جے یو آئی کا مزید کہنا تھا کہریاست کی بقاکا دارومدار معاشی خوشحالی پر ہے،ملک کی معاشی صورت حال پر فکر لاحق ہے،سیاسی جماعتیں ریاست کے بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں،حکومت کی کوئی پالیسی کامیاب نہیں ہوئی، موجودہ حکومت سے پوری قوم پریشان ہے، موجودہ وزیر اعظم ملک پر بوجھ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کلبھوشن کا معاملہ آئین کے مطابق حل ہونا چاہیے، دنیا کووڈ 19کا مقابلہ کررہی ہے، اپوزیشن پاکستان میں کووڈ 18کا مقابلہ کررہی ہے۔