ایمرجنسی کی صورت میں تمام افسران و عملہ فیلڈ میں ہوگا، میئر لاڑکانہ خیر محمد شیخ

120

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ زاہد حسین کیمٹو کی زیر صدارت میونسپل کارپوریشن آفس لاڑکانہ میں مون سون بارشوں سمیت دیگر معاملات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں میئر خیر محمد شیخ، یونین کمیٹیز کے چیئرمینوں، میونسپل کمشنر، میونسپل انجینئر و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے میئر خیر محمد شیخ کا کہنا تھا کہ مون سون 2020ء کے حوالے سے تمام فیلڈ اسٹاف، سینیٹری ملازمین کی چھٹیاں ختم کرکے انہیں ہر وقت حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی جبکہ کارپوریشن کے اندر ایمرجنسی کنٹرول کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جو 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔ رین ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے کانٹیجنسی پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس میں تمام متعلقہ افسران کو آن بورڈ لیا گیا ہے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں تمام افسران و عملہ فیلڈ میں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ واٹر پمپ ڈی واٹرنگ مشینیں نئی خریدی گئی ہیں، پرانی مشینری کی مرمت بھی کی گئی ہے جبکہ شہر کے تمام بڑے نالوں کی ڈی سلٹنگ ہنگامی بنیادوں پر ہورہی ہے۔