سکھر، کورونا ٹیسٹ نہ کرانے والی فیکٹریوں کو بند کرنے کا حکم

261

سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر ڈویژن کی جانب سے مزدوروں کا کورونا وائرس ٹیسٹ نہ کرانے اور عدم تعاون پر فیکٹریوں کو سیل کرنے کا حکم، کمشنرسکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے سائٹ ایریا سکھر سمیت خیرپور، گھوٹکی اضلاع میں قائم فیکٹریوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے معاملے پر تعاون نہ کرنے اور مزدوروں کے ٹیسٹ نہ کرانے والی فیکٹریوں کو سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام فیکٹریوں کو کورونا ٹیسٹنگ اور حفاظتی انتظامات سمیت ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔ ان ہدایات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کورونا صورتحال کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں خیرپور، سکھر، گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایچ اوز، ڈی پی سی آر اور ٹاسک فورس اراکین نے شرکت کی۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے کہا کہ ہر فیکٹری کو کورونا ٹیسٹ کا پابند بنایا جائے اور بینکوں، فیکٹریوں و دیگر بڑے اداروں میں ٹیسٹنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر راونہ کی جائیں جبکہ فیکٹریوں میں جانے کے لیے محکمہ محنت کے افسران کا تعاون بھی حاصل کیا جائے، تعاون نے کرنے والی فیکٹریوں کو سیل کیا جائے۔ کمشنر سکھر شفیق احمد مہیسر نے کہا کہ اضلاع میں کورونا ٹیسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور مثبت آنے والے افراد کو بہتر طریقے سے آئسولیٹ کیا جائے تاکہ بیماری مزید نہ پھیل سکے۔ انہوں نے ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ کورونا ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں کونسلنگ اور سوشل موبلائزیشن تیز کی جائے اور عام افراد کو مثبت انداز میں رہنمائی فراہم کی جائے اور موبلائزر کی لاگ بک بنا کر ریکارڈ رکھا جائے۔ انہوں نے کورونا سے متاثرہ مریضوں اور علامات میں مبتلا افراد تک رسائی اور ان کو آئسولیٹ کرنے کی ضرورت پر زورد دیا۔