توشہ خانہ ریفرنس ‘ نوازشریف کی طلبی کااشتہار جاری( زرداری کے وارنٹ نیب کو ارسال)

147

اسلام آباد (اے پی پی) توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری کردیا گیا جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی نیب کو ارسال کردیے گئے ہیں ۔جعلی اکائونٹس کیسز کے توشہ خانہ ریفرنس میں مسلسل عدم حاضری پر احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی جس کے بعد نیب نے نواز شریف کی طلبی کا اشتہار عوامی مقامات پر چسپاں کردیا۔عدالتی اشتہار کے مطابق نواز شریف جان بوجھ کر عدالتی کارروائی سے مفرور ہیں۔ عدالت نے نواز شریف کو پیش ہوکر توشہ خانہ ریفرنس کا جواب دینے کے لیے 17 اگست تک آخری موقع دیا ہے ۔توشہ خانہ ریفرنس میں عدالتی احکامات کے باوجود پیش نہ ہونے پر آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری نیب کو ارسال کردیے گئے۔ آصف علی زرداری کے 50 ہزار مچلکوں کے ساتھ قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جس کے مطابق اگر آصف علی زرداری ایک ضامن کے ساتھ پیش نہ ہوئے تو انہیں گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔