اسلام آباد (آن لائن) احتساب عدالت نے جعلی اکائونٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدرآصف زرداری، فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان پر فردجرم کی کارروائی موخرکردی۔ عدالت نے فریال تالپور کی ایک روز (منگل) کے لیے حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت24 جولائی تک ملتوی کردی۔ منگل کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔ سابق صدر آصف زرداری اور فرتال تالپور کی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک اور لطیف کھوسہ پیش ہوئے۔ آصف زرداری کے لیے وڈیو لنک کا انتظام کراچی میں تھا جبکہ فریال تالپور کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا۔ میگا منی لانڈرنگ کیس میں فریال تالپور طلبی کے باوجود حاضر نہ ہوئیں اور حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی۔ احتساب عدالت کے جج نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ پلی بارگین کا کیا معاملہ ہے‘ کنفرم کردیں تاکہ آئندہ سماعت پر کارروائی آگے بڑھائی جاسکے۔ پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ کیس میں شریک ایک ملزم کی جانب سے پلی بارگین کامعاملہ چل رہا ہے‘ ملزم نے پلی بارگین میں زمین کے کاغذات دیے ہیں جس کی تصدیق میں وقت لگے گا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایک ملزم کی پلی بارگین مکمل ہونے تک فرد جرم عاید نہیں ہوسکتی‘ اگر 24 جولائی تک کارروائی مکمل ہو گئی تو ملزمان پر فردجرم عاید کی جائے گی۔