شہباز شریف کی سیاست بند کمرے سے خط بازی تک محدود ہوگئی، چوہان

118

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اطلاعات برائے پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی سیاست بند کمروں سے خط بازی اور بیان بازی تک محدود ہوگئی ہے، وہ قائد حزبِ اختلاف کی حیثیت سے عملی سیاست میں حصہ لیں تو زیادہ بہتر رہے گا۔ انہوں نے شہباز شریف کے اسپیکر قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف میڈیا کی آزادی کے چیمپئن کے چکر میں چاچا خوامخواہ بننے کی کوشش نہ کریں، اپنے ادوار میں آلِِ شریف میڈیا ہائوسز پر پریشر ڈال کر اپنی مرضی کے اینکرز تعینات اور فارغ کرانے کے شوقین تھے۔ انہوں نے کہا کہ آلِ شریف کے ادوار میں ذاتی انا اور خواہشات کی تکمیل کیلیے لیڈنگ اخبارات کو بند کیا جاتا رہا، سب جانتے ہیں کہ آلِ شریف کے دور میں ایک مشہور اخبار پابندیوں کے باعث ایک صفحے تک محدود ہونے پر مجبور ہوگیا تھا جبکہ آج تمام چینلز اور اخبارات کو بلا تفریق حکومتی اشتہارات اور بزنس دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی چینل کی بندش سے پی ٹی آئی حکومت کا کوئی تعلق نہیں جبکہ ایک نجی ٹی وی چینل کے مالک کو نیب میں اپنا کیس لڑنے کی مکمل آزادی سے کسی کو انکار نہیں ہے، معاملے میں پیمرا اور نیب دونوں ادارے اپنی آئینی اور قانونی حدود میں رہتے ہوئے آزادانہ حیثیت سے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔