ٹھٹھہ، عوامی حلقوں کی قدرتی پہاڑیوں پر تعمیراتی منصوبوں کی مذمت

233

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) الحبیب ریسٹورنٹ گھارو کے پیچھے حسین پہاڑیوں کو کاٹنے کا سلسلہ جاری، شہریوں کا داخلا بند، علاقہ غیر بنادیا گیا، قدرتی خوبصورتی سے مالا مال حسین پہاڑیوں کی کٹائی کیخلاف علاقہ مکینوں کی مذمت۔ الحبیب ریسٹورنٹ گھارو جہاں ایک طرف کورونا وائرس ایس او پی کی کھلی خلاف ورزی کرکے ہوٹل کو دن رات کھلا رکھا ہوا ہے تو دوسری جانب ریسٹورنٹ کی پچھلی جانب حسین پہاڑیوں کو کاٹ کر مختلف پروجیکٹس کی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو اندھیرے میں رکھ کر منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے شہریوں کی آمد و رفت روک رکھی ہے اور اس کام کے لیے ہوٹل انتظامیہ نے باقاعدہ لوگ مقرر کررکھے ہیں جو علاقہ مکینوں کو اندر جانے سے روکتے ہیں، اگر کوئی انجانے میں بھی اندر چلا جائے تو اس کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سلسلے میں ملنے والی معلومات کے مطابق ٹھٹھہ کے معزز شہری جب انجانے میں پروجیکٹ کی سائیڈ گئے تو وہاں ان شہریوں کو مقرر غنڈوں کی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ علاقہ مکینوں کیساتھ بداخلاقی اور حسین پہاڑیوں کی کٹائی کیخلاف شہر کے باشعور سماجی رہنماؤں عبدالکریم بھاند، ارشاد احمد خاصخیلی، گل حسن جاکھرو نے شدید مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ، ایس ایس پی سے نوٹس لے کر معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔