پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما آیت اللہ درانی انتقال کر گئے

1665

کوئٹہ:پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیرآیت اللہ درانی64 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

پیپلز پارٹی  رہنماعلیل تھے اور گزشتہ چندروز سے کوئٹہ کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے،خاندانی ذرائع کے مطابق آیت اللہ درانی کی تدفین آبائی علاقے پڑنگ آباد میں ہوگی۔

آیت اللہ درانی 2008 کے انتخابات میں مستونگ سے پی پی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور وہ 2011 تک یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وزیر مملکت برائے صنعت و پیدوار رہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے آیت اللہ درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پارٹی کے نظریاتی اور وفادار کارکن تھے،آیت اللہ درانی کا انتقال پارٹی،بلوچستان کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وفاقی وزیر آیت اللہ درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کی ایک پراثر آواز تھے،آیت اللہ درانی بینظیر بھٹو شہیدکے سچے نظریاتی اور وفادار سپاہی تھے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان آیت اللہ درانی کے خاندان کے دکھ میں شریک ہے۔