سکھر، موٹر وے پروجیکٹ کی تکمیل کے لیے دو کمیٹیاں تشکیل

257

سکھر (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر خیرپور احمد علی قریشی کی صدارت میں موٹروے پراجیکٹ کے لیے ضلع خیرپور میں 80 کلو میٹر سے زائد زمین کی اکیوزیشن کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں اے ڈی سی ون ضمیر احمد جاگیرانی، اے ڈی سی ٹو اقبال حسین جنڈان، زونل لینڈ افسررسول بخش ملاح، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز سمیت محکمہ سروے کے عملے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر خیرپور کی جانب سے محکمہ سروے کے عملداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ سروے کے کام کو جلد شروع کیا جائے جبکہ اس کام کو بروقت مکمل کرنے کے لیے دو کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر خیرپور کی جانب سے بنائی گئی اسٹرکچر اسسمنٹ کمیٹی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کام شروع کرے گی جس میں ہائی وے، جنگلات، زراعت، ریونیو اور محکمہ سروے کے عملدار ممبر ہوں گے جو موٹر وے پراجیکٹ کی لینڈ اکیوزیشن میں آنیوالے تمام باغات، درخت، عمارتیں اور گھروں کے متعلق 15 دنوں میں سروے کر کے رپورٹ فراہم کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے این ایچ اے کے زونل لینڈ افسر رسول بخش ملاح کو کہا کہ موٹر وے پراجیکٹ کے دوران زیر استعمال روڈز اور دیگر لنک روڈز کو ہیوی مشینری اور ڈمپروں سے ہونیوالے تمام نقصانات میں روڈز کی نو سر تعمیر این ایچ اے اپنے اخراجات پر کر کے دینے کی پابند ہوگی، پراجیکٹ میں سروے کے دوران آنیوالی مسجدیں، مندر، سرکاری و دیگر تمام عمارتوں کی تعمیر بھی این ایچ اے ہی اپنی طرف سے کروانے کی پابند ہے۔ ڈی سی خیرپور نے زونل لینڈ افسر کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کے تمام کاغذات اور نقشے جلد ڈی سی آفس میں جمع کرائے جائیں تاکہ بروقت کام شروع کرنے میں آسانی ہو۔