سکھر (نمائندہ جسارت) آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن ایپکا کے صوبائی صدر مراد چاچڑ قتل کیس میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، سکھرپولیس کے ترجمان کے مطابق تھانہ آباد کی حدود سوسائٹی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل ہونے والے مراد چاچڑ کے قتل کیس میں اہم پیشرفت، واقعہ میں ملوث دو ملزمان گرفتار کر لیے گئے ، تین روز قبل مراد چاچڑ مسجد سے گھر جاتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد سے فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے، ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے جس پر مقدمہ 4 نامزد اور ایک نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا،پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نامزد دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان میں فیض محمد اور حاجی خان شامل ہیں، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ ایس ایس پی سکھر نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔