پشاور/ نوشہرہ کینٹ/ شیخوپورہ/ اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) حکومت پاکستان کی ہدایت پر پاک فضائیہ کا سی- 130 طیارہ سِکھ یاتریوں کی میتیں لے کر پی اے ایف بیس پشاور پہنچا۔ گزشتہ روز شیخوپورہ کے قریب ٹرین اور کوسٹر کے درمیان خوفناک تصا دم میں مرنے والے 21 سِکھ یاتریوں اور ایک ڈرائیور کی میتوں کو پی اے ایف بیس لاہور سے پشاور منتقل کیا گیا۔ لواحقین اپنے عزیزوں کی میتوں کو لینے کے لیے پی اے ایف بیس پشاور پر موجود تھے۔ دریں اثنا خیر آباد شمشان گھاٹ میں لاشوں کی آخری رسومات ادا کردی گئیں‘ میتیں ایدھی اور الخدمت کی ایمبولینسز کے ذریعے نوشہرہ کے علاقے خیبرآباد دریائے سندھ کے کنارے شمشان گھاٹ لائی گئیں۔ میتوں کے ساتھ 3 اراکین صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔ نوشہرہ پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر سکھ برادری کے قبائلی اضلاع اور گلگت بلتستان میں نمائندے بابا گوپال سنگھ نے الخدمت فاؤنڈیشن کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام اقلیتوں کی خدمت کر رہی ہے۔ علاوہ ازیںشیخو پورہ میں ٹرین کوسٹر حادثے میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والی 2 کمسن بچیاں اور ایک خاتون ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال شیخوپورہ میں زیر علاج ہیں۔وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔