اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے چینل 24 کی بندش کی شدید مذمت اور فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینل 24 کا مؤقف سنے بغیر اسے آف ائر کرنا ظلم، زیادتی اور فسطائیت ہے۔ عمران صاحب کی حکومت جن کاندھوں پر بیٹھ کر آئی، انہیں ہی کاٹ رہی ہے، تنقید سے گھبرائی حکومت کے لیے آسان راستہ، چینل، زبان اور ادارہ بند کرنا رہ گیا ہے، میرشکیل الرحمن کی ناحق گرفتاری، چینل 24کی بندش اور دیگر اینکرز کی تحریر اور پروگراموں پر پابندی ثبوت ہے کہ حکومت جمہوری نہیں۔ ہفتے کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میڈیا صنعت تباہ کرنے کے بعد کورونا کی خراب صورتحال میں مزید بیروزگاری پھیلائی جارہی ہے۔ عمران صاحب ان چینلز، میڈیا ہاؤسز، صحافیوں اور مالکان کو نشانہ بنارہے ہیں جو سچ بولتے ہیں۔ قانون کا یکساں اطلاق نہیں، واضح امتیازی رویہ حکومتی تعصب کو عیاں کر رہا ہے، حکومت کو ان سب اداروں، افراد اور شخصیات سے مسئلہ ہے جو اس پر تنقید کریں۔