ایل این جی کیس‘ نیب کو شاہد خاقان کیخلاف حتمی ریفرنس دائر کرنے کیلیے آخری مہلت

132

اسلام آباد (آن لائن +مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں نیب کو شاہد خاقان عباسی کیخلاف حتمی ریفرنس دائر کرنے کی آخری مہلت دے دی ہے۔احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ایل این جی کیس پر سماعت کی، سماعت سے قبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور عظمیٰ عادل سمیت دیگر ملزمان نے کمرہ عدالت میں حاضریاں لگوائی۔وکیل شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ 2 سال تک نیب مختلف سوالات ہمیں دیتے رہے، اس کے علاوہ ان کے مؤکل کو ساڑھے 6 ماہ جیل میں رکھنے کے باوجود نیب ریفرنس دائر نہیں کرسکا، ہمارے ساتھ ایسا تماشا نہ لگایا جائے اور جب تک نیب ریفرنس دائر نہیں کرتا تب تک سماعت ملتوی کی جائے۔ نیب پراسیکیوٹر عثمان مرزا نے مؤقف اختیار کیا کہ ریفرنس مکمل کرنے کے لیے مزید 3 سے 4 ہفتے درکار ہوں گے، ضمنی ریفرنس کی حد تک ملزمان کی آج حاضری مکمل ہوئی ہے، عدالت فرد جرم عاید کرنا چاہتی ہے تو نیب کو اعتراض نہیں، جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ جب ضمنی ریفرنس آئے گا تب ہی فرد جرم عاید کی جائے گی۔احتساب عدالت نے نیب کو شاہد خاقان عباسی کیخلاف تفتیش مکمل کرنے اور حتمی ریفرنس دائر کرنے کی مزید مہلت دیتے ہوئے کہا کہ حتمی ریفرنس دائر کرنے کے لیے یہ آخری مہلت ہے۔ نیب تفتیش مکمل کرکے 6 اگست کو حتمی ریفرنس دائر کرے۔شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ایک سال تفتیش ہوتی رہی، سوال نامے پر سوال نامہ بھر کر دیا، پھر گرفتار کرلیا گیا اور کوئی جواز نہیں دیا گیا۔نیب نے 70 دن ریمانڈ لیا اور ایک سوال نہیں کیا، چیئرمین نیب عدالت عظمیٰ کا جج رہ چکا ہے لیکن یہاں گرفتاری پہلے ہوتی ہے اور کیس بعد میں بنائے جاتے ہیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نیب کو جو تفتیش کرنی ہے ٹی وی کا کیمرا لگا کر تفتیش کریں، عدالتی کارروائی بھی کیمرا لگا کر ہونی چاہیے۔ راجا پرویز اشرف کو 12 سال بعد بری کیا گیا، 12 سال جو بے عزتی ہوئی اس کا کون ذمے دار ہے، آج نیب کی وجہ سے حکومت اور ملک نہیں چل رہے۔ حکومت ناکام ہو چکی ہے ، ان پر ہر لمحہ اب بھاری ہے، مائنس ون پارٹی کے اندر کیا جاتا ہے۔