لاڑکانہ، اینٹی کرپشن کا چانڈکا ٹیچنگ اسپتال میں قائم باورچی خانے پر چھاپا

435

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سرکل آفیسر اینٹی کرپشن لاڑکانہ امان اللہ راجپر کی سربراہی میں اینٹی کرپشن ٹیم نے چانڈکا ٹیچنگ اسپتال میں قائم باورچی خانے پر چھاپا مارکر باورچی خانے کا معائنہ کرکے معلومات لی۔ اس حوالے سے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن لاڑکانہ امان اللہ راجپر نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو جس میں دکھایا گیا ہے کہ 1400 مریضوں کے لیے روزانہ چانڈکا اسپتال کی جانب سے کھانا تیار کیا جاتا ہے، ایسی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد افسران بالا کی ہدایات پر معائنے کے لیے پہنچے جہاں باورچی خانے کے انچارج اور دیگر موجود نہیں تھے جن کے بیانات قلمبند کروانے کے لیے چانڈکا اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو خط لکھا گیا ہے، جن کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ باورچی خانے کے انچارج سمیت دیگر عملہ دو روز میں پیش ہوکر اپنے بیانات رکارڈ کروائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو روز سے اینٹی کرپشن کی جانب سے چانڈکا اسپتال میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری ادویات فروخت کرنے کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے چھاپوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، تاہم دو روز کے دوران کوئی ریکارڈ تحویل میں نہیں لیا گیا۔