عالمی معاشی تباہی کے باوجود ٹیکس فری بجٹ خوش آئند ہے، اسد قیصر

262

اسلام آباد (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی ملاقات، بجٹ اجلاس، قانون سازی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال، پارلیمان کے حکومت کی نگرانی کے کردار کو مزید فعال بنانے پر غور کیا گیا۔ اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے باعث پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی، موجودہ حکومت کی طرف سے ٹیکس فری بجٹ پیش کرنا خوش آئند ہے، اراکین پارلیمنٹ نے بجٹ اجلاس کے دوران جس نظم و نسق کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔ملاقات میں اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر پارلیمان کو مزید مؤثر بنانے کیلیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور 8
جولائی کو شروع ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے ایوان کو خوشگوار ماحول میں چلانے پر اسپیکر کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ بابر اعوان نے کہا بجٹ سیشن کے دوران اراکین کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز حکومت کو آئندہ بجٹ بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔