جماعت اسلامی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

542

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکوٹ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضا فے کے خلاف ان کی جانب سے دائر پٹیشن مسترد ہو نے کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اسی پٹیشن کو لے کر انٹراکورٹ میں اپیل دائر کی جا ئے گی ، جماعت اسلامی عوامی اہمیت کے حا مل اس مسئلے پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔

جمعرات کواپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکو مت پاکستان کے آئین کے تحت حکو مت چلائے جس کا بنیادی مقصد عوامی حقوق کی پاسداری ہے، مگر حکو مت کے اب تک کے جتنے اقدام ہیں وہ عوام دشمنی پر مبنی ہیں ، میاں محمد اسلم نے کہا عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اضا فے کا فیصلہ ایگزیکٹو کا اختیار ہے مگر ایگزیکٹو نے ہمیشہ ائین پاکستان کے منافی اور عوامی امنگوں کے بر خلاف کام کیا ہے اس لیے ہم ایگزیکٹو کے فیصلے کے خلاف عدالت گئے تھے، مگر ہمیں افسوس ہے کہ عدالت نے پاکستان کے آئین میں درج عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا نہیں کیا ۔

میاں محمد اسلم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکو مت نے ایک ہی رات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضا فہ کر کے عوام کے آئینی حقوق کو پامال کیا ہے ،جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی مسائل کو ہر فورم پر ا وجاگر کیا ہے اور جب تک عوام کو ان کے حقوق مل نہیں جاتے ہماری جدو جہد جاری رہے گی ۔