اسلام آباد(آئی این پی )مختلف مکاتب فکر کے علما نے نیشنل پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو وارننگ دیتے ہیں وہ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر سے باز رہے ورنہ شدید رد عمل ہوگا، کسی بھی صورت مندر کی تعمیر نہیں ہونے دیں گے کیونکہ یہ اسلام کی بنیادی تعلیمات اور نظریہ پاکستان کے منافی ہے، حکومت اگر مندر کی تعمیر کیلیے زبر دستی کرے گی تو اسے شدید رد عمل کا سامنا بھی کرنا ہو گا ۔اس موقع پرامیر جے یو آئی(ف)مولانا عبدالمجید ہزاروی ، مفتی عبداللہ ،محمد کاشف چودھری ،حافظ مقصود احمد، مولانا مفتی عبدالسلام، مولانا حمد اللہ ، مولانا محمد اویس ، مفتی سجاد و دیگر بھی موجود تھے ،۔ علمائے کرام نے مزید کہا کہ اسلامی تاریخ میں کوئی دلیل نہیں ملتی کہ نبی کریم ﷺ یا آپ ﷺ کے بعد خلفائے راشدین یا ان کے بعد اسلامی ادوار میں کسی اسلامی حکومت نے شرک کا مرکز تعمیر کیا ہو خصوصا بتوں کا مرکز و معبد جو اسلام اور توحید کے سراسر منافی ہے، علمائے کرام نے کہا کہ حکومت اس مندر کو اپنے خزانے سے تعمیر کرانے جا رہی ہے اس خزانے کی بنیاد ہم مسلمانوں کے ٹیکس اور بل ہیں ہم اپنی کمائی سے شرک کا اڈہ تعمیر کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دیں گے۔