ٹھٹھہ، پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کی گولیوں سی چھلنی لاشیں برآمد

274

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) دو سال قبل پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کی گولیوں سی چھلنی لاشیں کار سے برآمد، شناخت نوجوان اللہ ڈنو پلیجو اور ان کی بیوی گل زمیراں کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر عمران خان نے جائے واقعے پر پہنچ کر مقامی پولیس سے تفصیلات معلوم کیں، ملزم گرفتار، مزید چھان بین کے لیے ڈی ایس پی جمعہ خان پنہور اور ایس ایچ او ٹھٹھہ امیر بخش کھوسہ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی۔ بوائز ہائی اسکول ٹھٹھہ کے نزدیک درگاہ بخاری بابا کے قریب کار سے ایک مرد اور ایک عورت کی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔ اطلاع ملنے پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر عمران خان جائے واقعے پہنچ کر لاشوں کو پولیس کی تحویل میں لیکر سول اسپتال مکلی پہنچایا۔ پولیس کے مطابق نوجوان کی شناخت اس کے جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ سے اللہ ڈنو پلیجو گائوں یوسف پلیجو، تحصیل میر پور بھٹورو ضلع سجاول کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسری لاش ان کی بیوی گل زمیراں مسن کے نام سے ہوئی ہے جوکہ ٹھٹھہ کے مسن محلے کی رہائشی ہے۔ دونوں لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مکلی سول اسپتال لایا گیا، جہاں پر لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ بعد میں پولیس نے دونوں لاشوں کو پلیجو برادری کے حوالے کردیا۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر عمران خان نے بتایا کہ ہلاک ہونیوالے دونوں میاں بیوی تھے، دونوں نے دو سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور دونوں خاندانوں میں تنازع بھی چل رہا تھا، ہم نے کار اورموقع پر ملنے والے تمام ثبوت لے کر چھان بین شروع کردی ہے۔ مقتول اللہ ڈنو پلیجو کے والد محمد سومار پلیجو اور کزن ہارون پلیجو نے بتایا ہے کہ بااثر لوگوں کی مداخلت کے بعد کسی حد تک اس تنازع کو ختم بھی کیا گیا تھا، جس کے بعد دونوں میاں بیوی اپنا آبائی گھر لائیقپور چھوڑ کر کراچی کے قائد آباد کے علاقے میں اپنی زندگی بسر کرنے لگے تھے، حالیہ دنوں لڑکی کے گھر والوں نے دونوں میاں بیوی کو دعوت کے لیے بلایا اور دعا لینے کے بہانے درگاہ پر لے جاکر دونوں میاں بیوی کو قتل کردیا، قتل میں لڑکی کے بھائی راجہ مسن کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جوکہ اپنا گھر چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا، تاہم پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارکر راجہ مسن کو گرفتار کرکے لاکپ کردیا ہے۔ آخری اطلاع تک واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔