ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) رشتے کے تنازع پر ملزم نے ماں اور اس کے بیٹے پر حملہ کردیا، نتیجے میں ماں جاں بحق، بیٹے کو زخمی حالت میں سول اسپتال مکلی منتقل کیا گیا۔ ٹھٹھہ سے 25 کلومیٹر دور سونڈا کے نواحی گائوں حاجی خمیسو خاصخیلی میں رشتے کے تنازع پر ایک شخص نے پستول سے فائر کرکے ماں مسمات سمیع زوجہ کریم بخش خاصخیلی اور اس کے جوان بیٹے نیاز احمد کو زخمی کردیا، زخمیوں کو اسپتال لے جاتے وقت ماں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی، زخمی بیٹے کو سول اسپتال مکلی لایا گیا۔ کینجھر پولیس نے حملہ آور ملزم بڈو خاصخیلی کو اسلحہ سمیت گرفتار کرکے واقعے کی مزید چھان بین شروع کردی ہے۔