اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان امن عمل اہم مرحلہ میں داخل ہوگیا ہے،خطے کی ترقی افغانستان کے امن سے مشروط ہے۔بدھ کو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ اس دوران خطے کی صورتحال، افغان امن عمل کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال کیا۔ زلمے خلیل زاد نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے پر وزیر خارجہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے بروقت کارروائی اور جوانوں کی مثالی جرأت کو سراہا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان امن عمل میں اب تک ہونے والی پیشرفت انتہائی حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کی طرف سے بین الافغان مذاکرات پر آمادگی اور مذاکراتی ٹیموں کا اعلان خوش آئند ہے ان مذاکرات سے افغانستان میں مستقل اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہو گی،اس موقع پر ہمیں ان عناصر سے خبردار رہنا ہو گا جو افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے عالمی برادری کو ہاتھ بڑھانا ہو گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغان قضیے کے مستقل اور پرامن سیاسی حل کے لیے علاقائی و عالمی فریقین کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے، پاکستان مشترکہ ذمے داری نبھاتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق بھی اس موقع پر موجود تھے۔