لاہور (نمائندہ جسارت) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بلاول زرداری عمران خان پر تنقید سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک لیا کریں، وزیر اعظم کو کورونا کا احساس دلانے سے پہلے بلاول اپنے اربوں روپے مالیت کے بلاول ہاؤس میں پانی سے پکوڑے تلنا بند کریںاور لاہور کے کسی اسپتال میں جا کر کورونا وارڈز کا معائنہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن کے نام پر سیاست کرنے والے بلاول شاید بھول گئے ہیں کہ طالبان کا قیام 1994ء میں بینظیر بھٹو کی وزارتِ عظمی اور نصیر اللہ بابر کی وزارتِ داخلہ کے دور میں عمل میں لایا گیا ، 1989 میں ان کی والدہ نے راجیو گاندھی کو خوش کرنے کے لیے کشمیر ہاؤس کے بورڈز ہٹوا دیے تھے جبکہ کشمیر پر علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر جو کامیاب سفارتکاری وزیرِ اعظم عمران خان نے کی، پہلے کسی نے نہیں کی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ساری دنیا میں پیپلز پارٹی کے دہشت گردوں، منشیات فروشوں، کرپٹ عناصر کے ساتھ تعلقات کا چرچا ہے۔ تمام خفیہ اداروں کے پاس پیپلز پارٹی کے شر پسند عناصر کے ساتھ تعلقات کے ثبوت موجود ہیں جبکہ بیسیوں جے آئی ٹیز کی رپورٹیں زرداری خاندان کی سیاہ کاریوں اور کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔