امریکی و یورپی رہنما مودی اور پرویز الٰہی کی طرح نہیں سوچتے ‘ فواد چودھری

180

اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے اسلام آباد میں مندر سے متعلق بیان پر شدید تنقید کی ہے۔خیال رہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں گذشتہ دنوں مندر کی تعمیرکا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے جس کی زمین گذشتہ دور حکومت میں الاٹ کی گئی تھی۔ ایک ٹوئٹ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا ہے کہ انہیں چودھری پرویز الٰہی کی اس قدامت پسندسوچ پر سخت حیرت ہوئی ہے۔ فواد چودھری نے طنز کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ‘خدا کا شکر ہے کہ امریکی اور یورپی رہنما مودی اور پرویز الٰہی جیسوں کی طرح نہیں سوچتے اور مسلمانوں کو مسجدوں کی تعمیر اور عبادت کی اجازت دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ برداشت اسلام کا بنیادی اصول ہے۔