لاہور(نمائندہ جسارت) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیاوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیا مندر بنانا نہ صرف اسلام کی روح کے خلاف ہے بلکہ یہ ریاست مدینہ کی بھی توہین ہے۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان جو اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا، اس کے دارالحکومت اسلام آباد میں نیا مندر بنانا نہ صرف اسلام کی روح کے خلاف ہے بلکہ یہ ریاست مدینہ کی بھی توہین ہے، فتح مکہ کے موقع پر خاتم النبیین حضرت سیدنا محمد الرسول ؐاللہ نے حضرت سیدنا علی المرتضی رضی اللہ عنہ کے ساتھ بیت اللہ شریف میں موجود 360 بتوں کو توڑا تھا اور ساتھ ہی یہ بھی فرمایا تھا کہ حق آیا اور باطل مٹ گیا بیشک باطل مٹنے ہی والا تھا۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم اقلیتوں کے حقوق کے ساتھ ہیں، پہلے سے موجود مندروں کی مرمت کی جائے، میں نے اپنے دور میں کٹاس راج مندر کی مرمت کرائی تھی، اپنے دور میں پہلی دفعہ پاکستان میں بجٹ میں چرچز کی مرمت کیلیے پیسے رکھے تھے۔